اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ایف بی آر کی جانب سے لاگو کردہ ایس آراو1571(آئی)/2022 کی معیاد 21 نومبر2022 کو ختم ہونے کے بعد الیکٹرک گاڑیوں پر عائد کی گئی 100 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی ہٹا دی گئی ہے جس کے باعث پاکستان میں مشہور زمانہ گاڑی ” اوڈی ای ٹرون “( اوڈی ای ٹرون) کی قیمت میں تقریباً 2 کروڑ روپے تک کی حیران کن کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
کمپنی کی جانب سے قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ریگولیٹری ڈیوٹی ہٹنے کے بعد اوڈی ای ٹرون 50 کی قیمت میں ایک کروڑ 1 لاکھ 50 ہزار روپے کمی ہوئی جس کے بعد اس کی قیمت تین کروڑ 24 لاکھ 50 ہزار سے کم ہو کر 2 کروڑ 23 لاکھ روپے ہو گئی ہے ۔اوڈی ای ٹرون کے ویرینٹ ” ایس بی “ کی قیمت میں ایک کروڑ 13 لاکھ روپے کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 کروڑ 61 لاکھ 50 ہزار سے کم ہو کر 2 کروڑ 48 لاکھ 50 ہزار روپے پر آ گئی ہے ۔ ای ٹرون جی ٹی کی قیمت میں بھی بھاری کمی دیکھنے میں آئی ہے جس کی نئی قیمت ریگولیٹری ڈیوٹی کے خاتمے کے بعد 3 کروڑ 45 لاکھ روپے ہو گئی ہے جبکہ ریگولیٹری ڈیوٹی کے نفاذ کے بعد اس کی قیمت 4 کروڑ 83 لاکھ 25 ہزار روپے تک پہنچ گئی تھی جس میں اب 1 کروڑ 38 لاکھ 25 ہزار روپے کمی دیکھنے میں آئی ہے ۔ ای ٹرون کے ٹاپ آف دی لائن ویرینٹ ” آر ایس ای ٹرون جی ٹی “ (ای ٹرون جی ٹی)کی قیمت میں ایک کروڑ 95 لاکھ روپے کمی ہونے کے بعد 4 کروڑ 85 لاکھ روپے میں فروخت کیلئے پیش کی جارہی ہے ۔جبکہ اس کی پرانی قیمت 6 کروڑ 80 لاکھ روپے تک پہنچ گئی تھی ۔